واشنگٹن،4اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)صدر ٹرمپ کی انتظامیہ نے جمعرات کو کہا ہے کہ وہ قحط اور خشک سالی میں گھرے دو افریقی ملکوں ایتھوپیا اور کینیا کو 169 ملین ڈالر کی انسانی ہمدردی کی امداد دے گی۔بین الاقوامی ترقیات سے متعلق امریکی ادارے یو ایس ایڈ نے کہا ہے کہ ان میں سے 136ملین ڈالر ایتھوپیا اور 33ملین ڈالر کینیا میں متاثرہ لوگوں کی امداد پر صرف کیے جائیں گے۔
یو ایس ایڈ نے بتایا کہ ایتھوپیا کے تقریباً 80لاکھ باشندوں کو انسانی ہمدردی کی امداد کی فوری ضرورت ہے۔ امداد نہ ملنے کی صورت میں وہاں متاثرہ علاقوں میں خوراک کی صورت حال انتہائی سنگین شکل اختیار کر سکتی ہے۔ جس کے نتیجے میں آبادیوں کی نقل مکانی ہو سکتی ہے۔کینیا کے بارے میں یو ایس ایڈ کا کہنا تھا کہ اس ملک میں 20لاکھ لوگوں کو خوراک کی اشد ضرورت ہے اور وہ قحط جیسی صورت حال سے گذر رہے ہیں۔نئی امداد کے ساتھ اس مالی سال کے دوران امریکہ نے ایتھوپیا اور کینیا کے خشک سالی اور قحط سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے 458ملین ڈالر فراہم کیے ہیں۔پچھلے مہینے امریکہ نے نائیجیریا، صومالیہ، جنوبی سوڈان اور یمن کے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے تقریباً 640ملین ڈالر امداد کے وعدے کیے تھے۔ان ملکوں کو خوراک کی قلت کے ساتھ ساتھ مسلح گروپوں کے ساتھ لڑائیوں کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کی اقتصادی حالت خراب ہے جس کی وجہ سے وہ صحت کی دیکھ بھال، امن وامان اور پانی کی فراہمی اور اس کے نکاس جیسی سہولتیں فراہم کرنے سے بھی قاصر ہیں۔
اس سے قبل اقوام متحدہ نے نائیجیریا، صومالیہ، جنوبی سوڈان اور یمن میں بڑے پیمانے پر بھوک کے خطرے سے خبردار کیا تھا۔ پچھلے مہینے عالمی ادارے نے کہا تھا کہ جنوبی سوڈان میں بہت سے لوگ بدستور خوراک کی قلت اور بھوک کے مسئلے کا سامنا کر رہے ہیں۔اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں تقریبا80کروڑ افراد کو غذائی قلت کا سامنا ہے جن میں زیادہ تر کا تعلق ترقی پذیر ملکوں سے ہے۔